پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کیلئے 12 پارٹیوں کی بڈنگ
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کی 2 نئی ٹیموں کے لیے 12 پارٹیوں نے بڈنگ کی ہے ۔پی سی بی کو پی ایس ایل فرنچائز خریدنے کے لیے متعدد کمپنیز کی جانب سے پیشکش موصول ہوچکی ہے ۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل ٹیموں کے لیے بڈز 5 براعظموں سے جمع کرائے گئے ہیں۔اعلامیے کے مطابق بولی کی دستاویزات جمع کرانے والوں میں امریکی بزنس مین کا کنسورشم، ٹیلی کام کمپنی، رئیل اسٹیٹ گروپ اور سولر ٹیکنالوجی کا گروپ بھی شامل ہے ۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق 2 نئی ٹیموں کے ٹینڈرز کے غیر معمولی اور حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں۔اعلامیے کے مطابق 5 براعظموں سے بڈز جمع ہونا پی ایس ایل کی عالمی مقبولیت اور کشش کا واضح ثبوت ہے ، بڈنگ کے پہلے مرحلے کے نتائج کا اعلان 27 دسمبر کو کیا جائے گا۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق 8 جنوری کو ہونے والے اگلے مرحلے میں ٹیکنیکلی کوالیفائیڈ بڈرز کو اوپن کامپیٹیشن بڈنگ کے ذریعے 2 نئی ٹیمیں خریدنے کا موقع دیا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق اس عمل کی شفافیت اور عالمی معیار کے مطابق تکمیل کے لیے پر عزم ہیں۔