ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ،بھارت نیچے ، پاکستان اوپر آگیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)حالیہ کچھ ٹیسٹ میچز کے نتائج نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025 کے پوائنٹس ٹیبل پر ہلچل مچا دی ہے ۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو سالہ سائیکل میں رواں 27-2025 کے ڈبلیو ٹی سی کے پوائنٹس ٹیبل میں حالیہ میچز کے نتائج کے مطابق بھارت اپنی تاریخ کی نچلی ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ پاکستان روایتی حریف سے اوپر ہے ۔نیوزی لینڈ ویسٹ انڈیز سیریز کے اختتام پر آئی سی سی ڈبلیو ٹی سی کا نیا پوائنٹس ٹیبل آ گیا ہے ۔ جس میں نیوزی لینڈ لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے دوسرے نمبر پر جا پہنچا ہے اور جنوبی افریقہ کو ایک درجہ نیچے دھکیل دیا ہے ۔ جنوبی افریقہ جس نے چار میں سے تین میچز جیت رکھے ہیں۔ وہ 75 فیصد کے ساتھ ایک درجہ نیچے گر کر تیسرے نمبر پر آ گیا ہے ۔ سری لنکا چوتھے نمبر پر ہے ۔پاکستان جس نے رواں سائیکل میں دو میچز کھیلے ہیں تاہم ایک میں شکست اور ایک میں جیت کے بعد وہ 50 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے ۔روایتی حریف بھارت چھٹے نمبر پر ہے جو حالیہ دور میں اس کی کم تر پوزیشن ہے ۔