باکسنگ ڈے ٹیسٹ انگلیننڈ کی فتح کیساتھ 2 روز میں ہی ختم
آسٹریلیا کو 4وکٹوں سے شکست، بورڈ کو 10 ملین ڈالر نقصان کا خدشہ ، ٹیسٹ سیریز میں ایک سے زائد میچز جلد ختم ہونے کا 113 سالہ پراناریکارڈ برابر
میلبرن (سپورٹس ڈیسک ) ایشیز سیریز کا باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ انگلینڈ نے آسٹریلیاکو 4وکٹوں سے شکست دیکر دو دن میں ہی جیت لیا ،جس سے 113 سالہ قدیم ریکارڈ برابر ہوگیا ہے جبکہ کرکٹ آسٹریلیاکو 10 ملین ڈالر نقصان کا خدشہ ہے ، میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایشیز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے 175 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے جیکب بیتھل نے 40، زیک کرالی نے 37 اور بین ڈیکٹ نے 34رنز بنائے ۔آسٹریلیا کے رچرڈسن، سکاٹ بولینڈ اور مچل سٹارک نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں آسٹریلوی ٹیم 132 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ پہلی اننگز میں 152رنز بنائے تھے ۔انگلینڈ کی ٹیم بھی پہلی اننگز میں 110رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔
انگلینڈ کی ٹیم 15 سال اور 19 ٹیسٹ کے بعد آسٹریلوی سرزمین پر میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔انگلش بولرجوش ٹانگ پلیئرآف دی میچ قرارپائے ، واضح ہے کہ اس سے قبل پرتھ ٹیسٹ میچ بھی صرف دو روز میں اختتام پذیر ہوگیا تھا۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ایسا 113 سال بعد ہوا ہے جب کسی ٹیسٹ سیریز میں ایک سے زائد میچز دو دن میں ہی اختتام پذیر ہوگئے ہوں۔مجموعی طور پر چار مواقعوں پر ایسا ہوا ہے جب ٹیسٹ سیریز میں ایک سے زائد میچز دو دن میں ہی اختتام پذیر ہوئے ہوں۔دوسری طرف آسٹریلوی میڈیا کے مطابق باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے تیسرے اور چوتھے دن ٹکٹ کی مد میں 10 ملین ڈالرز کی آمدن متوقع تھی لیکن اب ٹیسٹ دوسرے دن ختم ہونے پر کرکٹ آسٹریلیا کو 10 ملین ڈالر نقصان کا خدشہ ہے۔
90 ہزار سے زائد شائقین کو تیسرے روز کی ٹکٹس ری فنڈ کیے جائیں گے ، پرتھ ٹیسٹ دو دن میں ختم ہو جانے کی وجہ سے میزبان بورڈ کو 4 ملین ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا پہلے ہی مالی دباؤ کا شکار ہے ، اس لیے مزید نقصان کسی صورت موزوں نہیں ہوگا، انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ مستقبل میں پچ کی تیاری کے عمل پر انتظامیہ کو زیادہ توجہ دینا پڑ سکتی ہے ، کیونکہ اس کا براہِ راست اثر کھیل اور کاروبار دونوں پر پڑتا ہے ۔گرین برگ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا پہلے ہی مالی دباؤ کا شکار ہے ، اس لیے مزید نقصان کسی صورت موزوں نہیں ہوگا۔