کراچی اوپن گولڈ چیمپئن میں 2اپ سیٹ ،3مصری فائنل میں

 کراچی اوپن گولڈ چیمپئن میں 2اپ سیٹ ،3مصری فائنل میں

ٹاپ سیڈ کریم گواد اور نمبر 4 سیڈ محمد الشوربگے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئے

 کراچی (سپورٹس ڈیسک )پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے ) کراچی اوپن گولڈ چیمپئن شپ میں 2 اپ سیٹ ہوگئے ۔ٹاپ سیڈ کریم گواد اور نمبر 4 سیڈ محمد الشوربگے ایونٹ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں، مینز کا فائنل مصری کھلاڑیوں کے درمیان ہوگا۔ویمنز فائنل مصر اور ملائیشیا کی کھلاڑیوں کے درمیان کھیلا جائے گا، یوں مصر کے 3 کھلاڑی فائنل کھیلیں گے ، ڈی ایچ اے کریک کلب کے آصف نواز سکواش کمپلیکس میں جاری چیمپئن شپ کے دونوں مینز سیمی فائنلز میں اپ سیٹ ہوئے ۔پہلا اپ سیٹ مصر کے نمبر 5 سیڈ محمد ذکرایا نے ٹاپ سیڈ کریم گواد کو شکست دیکر سٹریٹ گیمز سے کامیابی حاصل کی۔

تقریباً ایک گھنٹے جاری رہنے والے میچ میں محمد ذکرایا نے 3-11، 9-11 اور 4-11 سے کامیابی حاصل کی۔دوسرا اپ سیٹ مصر کے عالے ابو النین نے کیا، وہ ایونٹ میں نمبر 6 سیڈ ہیں، انہوں نے نمبر 4 سیڈ انگلینڈ کے محمد الشوربگے کو ہرایا، یہ سیمی فائنل یکطرفہ ثابت ہوا۔مصری کھلاڑی نے سٹریٹ گیمز سے فتح حاصل کی، اُن کی کامیابی کا اسکور 4-11، 8-11 اور 6-11 رہا۔ویمن ایونٹ کے سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ امینا اورفی نے ہم وطن مصر کی نادا عباس کو 0-3 سے شکست دی۔، ان کی کامیابی کا سکور 4-11، 6-11 اور 5-11 رہا۔دوسرا سیمی فائنل سنسنی خیز رہا، جہاں نمبر 2 سیڈ ملائیشیا کی سیواسن گری سُبرامینیم کو عافیہ ازمینہ کے خلاف کامیابی کیلئے 5 گیمز تک مقابلہ کرنا پڑا۔مقابلے کے دوران برتری کا توازن بدلتا رہا، آخری گیم میں مقابلہ 4-4 سے برابر ہوگیا لیکن سُبرامینیم نے آخری گیمز 5-11 سے جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں