ٹی ٹونٹی رینکنگ،صاحبزادہ فرحان تیسری پوزیشن پر آ گئے
ٹی ٹونٹی رینکنگ،صاحبزادہ فرحان تیسری پوزیشن پر آ گئے بولرز میں جنوبی افریقہ کے کاربن بوش کااکیس درجے بہتری کیساتھ تیسرا نمبر
کینڈی (سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹونٹی پلیئرز کی تازہ رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ٹی ٹونٹی بیٹرز رینکنگ میں ابھیشک شرما بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان دو درجے بہتری کے بعد تیسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ بھارت کے ایشان کشن نے تین درجے ترقی پا کر پانچویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے ۔ جنوبی افریقہ کے ڈیوالڈ بریوس دس درجے بہتری کے بعد نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے ہیری بروک بھی دس درجے ترقی کے بعد اٹھارہویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں زمبابوے کے سکندر رضا ایک بار پھر ٹی ٹونٹی کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے ہیں جبکہ پاکستان کے صائم ایوب ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ٹی ٹونٹی بولرز رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے ۔ جنوبی افریقہ کے کاربن بوش اکیس درجے بہتری کے بعد تیسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے ابرار احمد دو درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے میتھیو فورڈ تئیس درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔