’زیادہ سے زیادہ دباؤ‘ مہم، امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کردیں
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے جنگ کے دباؤ اور جوہری مذاکرات کے دوران ایک بار پھر ایران پر پابندیاں عائد کردیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کی ہیں جس میں خاص طور پر وہ جہاز نشانہ بنائے گئے ہیں جو ایرانی تیل فروخت کر کے ملک کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے فنڈز فراہم کر رہے ہیں۔
پابندیوں کے تحت 12 جہازوں، متعدد کمپنیوں اور افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے جن کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد کر دیے جائیں گے اور امریکی شہریوں کے لیے ان کے ساتھ مالی لین دین ممنوع ہو جائے گا۔
یہ پابندیاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے "زیادہ سے زیادہ دباؤ" مہم کے تحت لگائی گئی ہیں۔
امریکی وزارت خزانہ کے سیکرٹری اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایران غیر قانونی تیل کی فروخت کے ذریعے مالیاتی نظام کا غلط استعمال کرتا ہے جس سے ہتھیار خریدے جاتے ہیں اور دہشت گرد گروہوں کی مدد کی جاتی ہے۔
دوسری جانب امریکا نے خطے میں اپنے فوجی وسائل بھی بڑھا دیے ہیں جن میں دو ایئرکرافٹ کیریئرز اور بڑی لڑاکا ہوائی جہاز کی فلیٹس شامل ہیں تاکہ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے تیاری کی جا سکے۔