پاک،بنگلا پہلا ٹیسٹ آج،شان اچھی کارکردگی کیلئے پر امید
ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ،میچ صبح 9 بجے شروع ہو گا، سٹار بیٹر بابراعظم بائیں گھٹنے میں تکلیف کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر ہمارا سکواڈ اچھا ہے ، اب اس بات پر منحصر ہے کون 10 دنوں میں اچھی کرکٹ کھیلتا ہے ، اپنے بولرز پر پورا بھروسہ ،قومی کپتان
ڈھاکہ(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج سے میر پور ڈھاکا شروع ہو گا ۔ ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ڈھاکا سٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود اور بنگلا دیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹرافی کی نقاب کشائی کی۔میچ صبح 9 بجے شروع ہو گا۔ دوسری طرف سٹار بیٹر بابراعظم انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ڈھاکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ ہم کسی اپوزیشن کو آسان نہیں لیتے ، بنگلا دیش کی اپنی سٹرینتھ ہے اور ہماری اپنی سٹرینتھ ہے ۔ ہم بنگلا دیش کے خلاف ان کی ہوم کنڈیشن میں کھیل رہے ہیں اور یہ ہمارے لیے چیلنج ہے ، ہمارا سکواڈ اچھا ہے ، اب اس بات پر منحصر ہے کہ کون 10 دنوں میں اچھی کرکٹ کھیلتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پچ ایسی لگ رہی ہے کہ جس پر پیسرز کو زیادہ مدد ملے گی، ہم پچ کا فائنل جائزہ لیں گے اور اس کے بعد پلیئنگ الیون کا فیصلہ کریں گے ۔کپتان شان مسعود نے کہا کہ ہم نے سکواڈ ہی ایسا بنایا ہے کہ جیسی کنڈیشن آئے ویسے پلیئنگ الیون کھلائیں، ہمارے ٹاپ آرڈر میں جو تبدیلیاں آئی ہیں وہ انجریز کی وجہ سے آئی ہیں، ٹیسٹ میچ میں بولرز کا بڑا کردار ہوتا ہے اور مجھے اپنے بولرز پر پورا بھروسہ ہے ۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بابر اعظم کے بائیں گھٹنے میں تکلیف کے باعث وہ بنگلادیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے ۔ ٹیم کے میڈیکل پینل کی جانب سے ان کی انجری کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے ۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی فٹنس سے متعلق مزید اپ ڈیٹس مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔ بابر اعظم کی عدم دستیابی پاکستان ٹیم کے لیے بڑا نقصان تصور کی جا رہی ۔