پاکستان فٹبال فیڈریشن کے آئین میں جلد ترامیم ناگزیر:فیفا

 پاکستان فٹبال فیڈریشن کے آئین میں جلد ترامیم ناگزیر:فیفا

جدید گورننس نظام اور فوری اصلاحات نافذ کرنا ہونگی، رولف ٹینر کی گفتگو

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے آئین میں جلد ترامیم ناگزیر قرار دیدیں ۔اسلام آباد میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی اور ناب صدر نوید اسلم کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیفا کے ہیڈ آف ممبر ایسوسی ایشنز گورننس رولف ٹینر نے کہا کہ انہوں نے دو روز کے دوران پاکستان فٹبال کے مختلف سٹیک ہولڈرز سے تفصیلی ملاقاتیں کی اور اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پی ایف ایف میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن میں گورننس نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور فوری اصلاحات نافذ کرنا ہونگی۔رولف ٹینر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فٹبال درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے ، تاہم عالمی معیار کے مطابق گورننس نظام کی بہتری ضروری ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان جلد آئین میں مطلوبہ ترامیم کرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو جائے گا۔ آئینی اصلاحات کے ذریعے تمام سٹیک ہولڈرز کو مزید بااختیار بنایا جائے گا اور یہی فیفا کے بنیادی اہداف میں شامل ہے ۔ پی ایف ایف کے مالی معاملات کا جائزہ فیفا کی متعلقہ کمیٹی لے رہی ہے جبکہ فٹبال کی ترقی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں