ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ،دنیا کی نظریں جارح مزاج بیٹرز پر
پاکستان کی عائشہ ظفر بھی میچ وننگ بیٹرز کی فہرست میں نمایاں ،آسٹریلیا کی جارجیا وول اس وقت دنیا کی نمبر ون ٹی ٹونٹی بیٹر نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس الوداعی کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ،تمام بلے بازوں کے درمیان رنز کا سنسنی خیز مقابلہ متوقع
اسلام آباد( سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل دنیا بھر کی نظریں 12 جارح مزاج خواتین بلے بازوں پر جم گئی ہیں جو اپنے دم پر میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، پاکستان کی عائشہ ظفر بھی میچ وننگ بیٹرز کی فہرست میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ جارح خواتین بلے بازوں میں آسٹریلیا کی 22 سالہ جارجیا وول سرِفہرست ہیں جو تیز ترین بیٹنگ اور 156.43 کے شاندار سٹرائیک ریٹ کے ساتھ اس وقت دنیا کی نمبر ون ٹی ٹونٹی بیٹر ہیں۔ بنگلہ دیش کی شوبھنا مستری اہم کھلاڑی ہوں گی جبکہ میزبان انگلینڈ کی سابق کپتان ہیدر نائٹ ٹیم کے لیے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوں گی۔ بھارتی ٹیم کی 22 سالہ اوپنر شفاعت ورما خطرناک ترین بیٹر بن کر ابھری ہیں، جبکہ آئرلینڈ کی گیبی لوس گزشتہ ورلڈ کپ کے بعد سے 21 اننگز میں 825 رنز بنا کر دنیا میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی کے روپ میں سامنے آئی ہیں۔ ہالینڈ کی سٹیر کالس ٹیم کے ورلڈ کپ ڈیبیو کو یادگار بنانے کے لیے تیار ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس الوداعی کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ سکاٹ لینڈ کی ڈارسی کارٹر کم عمری میں کامیاب ترین بیٹر بن چکی ہیں، دوسری جانب جنوبی افریقہ کی کپتان لورا شاندار فارم میں ہیں ۔ سری لنکا کی ہاسینی پریرا نے ٹاپ آرڈر میں شمولیت کے بعد سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جب کہ ویسٹ انڈیز کی کپتان ہالی میتھیوز دنیا کی خطرناک ترین آل راؤنڈر ہیں اور حریف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا چکی ہیں، جس کی وجہ سے 12 جون سے شروع ہونے والے اس میگا ایونٹ میں ان تمام بلے بازوں کے درمیان رنز کا ایک سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے ۔