نئے قواعد فیفا ورلڈ کپ کے دوران ہی نافذ العمل ہونگے
نئے قواعد فیفا ورلڈ کپ کے دوران ہی نافذ العمل ہونگے کارنر کک کے فیصلے اور دوسرے یلو کارڈ پر برطرفی پر ری ویو لیا جاسکے گا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)فٹبال کے عالمی ادارے فیفا نے ورلڈکپ میں کئی نئے قوانین متعارف کروانے کی تصدیق کردی ہے ۔ نئے قواعد ورلڈ کپ کے دوران ہی نافذ العمل ہوں گے ۔نئے قوانین کے مطابق اگر کوئی کھلاڑی جان بوجھ کر تھرو اِن یا گول کِک لینے میں پانچ سیکنڈ سے زیادہ تاخیر کرے گا تو مخالف ٹیم کو فائدہ دیا جائے گا۔اسی طرح میچ کے دوران فزیو سے علاج کروانے والے کھلاڑی کو ایک منٹ تک میدان سے باہر رہنا ہوگا، البتہ گول کیپرز اور بعض مخصوص صورتوں میں استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ جھگڑے یا تنازع کے دوران منہ ڈھانپ کر جملے کسنے والے کھلاڑی کو ریڈ کارڈ بھی دکھایا جا سکتا ہے ۔ کارنر کک کے فیصلے اور دوسرے یلو کارڈ کے نتیجے میں ہونے والی برطرفی پر ری ویو لیا جاسکے گا۔متبادل کے لیے واپس بلائے جانے والے کھلاڑی کے پاس قریب ترین مقام پر میدان چھوڑنے کے لیے 10 سیکنڈز کا وقت ہوگا۔اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو متبادل کھلاڑی کم از کم ایک منٹ کے لیے کھیل کے اگلے سٹاپیج تک میدان میں داخل نہیں ہو سکتا، یعنی ان کی ٹیم کو 10کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل جاری رکھنا ہوگا۔علاوہ ازیں ہر ہاف میں تقریباً 22ویں منٹ پر تین منٹ کا ہائیڈریشن بریک بھی دیا جائے گا۔