فیفا ورلڈکپ:رونالڈو کا جادو نہ چل سکا،کانگو سے میچ برابر
کولمبیا نے ازبکستان کو ایک کے مقابلے تین گول سے ہرا دیا،ہیری کین کے 2 گول کی بدولت انگلینڈ نے کروشیا کو 2-4 سے شکست دی پہلے ہاف کے اضافی وقت میں کانگو کے یان نے سکور 1-1 کر دیا،گھانا نے کھیل کے آخری لمحات میں گول کرکے پاناما کو 0-1 سے ہرایا
ٹورنٹو،ہیوسٹن (سپورٹس ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں کولمبیا نے ازبکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا،انگلینڈ نے کروشیا کو 2-4 سے شکست دیدی، گھانا نے کھیل کے آخری لمحات میں گول کرکے پاناما کو 0-1 سے شکست دی جبکہ کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال اور کانگو کے درمیان میچ 1-1گول سے برابر ہوگیا۔ کولمبیا نے ازبکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔کولمبیا کی جانب سے پہلا گول ڈینیئل منوز نے 40ویں منٹ میں کیا، پہلے ہاف کے بعد کولمبیا کی جانب سے دوسرا گول لوئس ڈیاز نے جب کہ تیسرا گول جمینٹن نے کیا۔ انگلینڈ نے کروشیا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔ڈلاس سٹیڈیم میں ہیری کین کے شاندار 2 گول کی بدولت انگلینڈ نے فیفا ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے گروپ ایل کے افتتاحی میچ میں کروشیا کو 2-4 سے ہرا دیا۔ دوسری جانب پرتگال اور کانگو کے درمیان میچ 1-1گول سے برابر ہوگیا۔ہیوسٹن میں پرتگال کو چھٹے منٹ میں ژا ناویس نے برتری دلائی لیکن پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل کانگو کے یان ویسا نے مقابلہ برابر کر دیا۔دوسرے ہاف میں پرتگال کے کینسلو کا گول آف سائیڈ قرار دیا گیا۔ پرتگال پہلے ہاف کے وقفے سے پہلے دوسرے گول کی تلاش میں رہا، جس میں کرسٹیانو رونالڈو اور برونو فرنینڈس بھی نمایاں رہے ، تاہم ڈی آر کانگو نے دباؤ برداشت کر لیا۔پہلے ہاف کے اضافی وقت میں کانگو کے یان ویسا نے شاندار موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سکور 1-1 کر دیا۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں دونوں ٹیمیں برتری حاصل کرنے میں ناکام رہیں ۔اس سے قبل میچ میں گھانا نے کھیل کے آخری لمحات میں گول کرکے پاناما کو 0-1 سے شکست دی تھی۔