ویمنز ٹی20ورلڈ کپ ، پاکستان کو مسلسل دوسری شکست

 ویمنز ٹی20ورلڈ کپ ، پاکستان کو مسلسل دوسری شکست

126 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ نے 16.5 اوورز میں 8 وکٹوں پر حاصل کر لیا

 برمنگھم (سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقا ویمنز نے پاکستان ویمنز کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گیارہویں میچ میں 2 وکٹوں سے ہرا دیا۔ برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 2 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کپتان فاطمہ ثنا نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 55 رنز کے ساتھ 3 وکٹیں بھی حاصل کیں اور وہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں نصف سنچری بنانے اور تین وکٹیں لینے والی پہلی کپتان بن گئیں۔126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے 16.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ انیری ڈرکسن نے 35 گیندوں پر52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ نادین ڈی کلرک نے 37 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ سعدیہ اقبال اور طوبی حسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل پاکستانی بیٹنگ لائن شدید مشکلات کا شکار رہی اور ٹیم محض14 رنز پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ فاطمہ ثنا اور طوبی حسن نے نویں وکٹ کے لیے 71 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کر کے ٹیم کو 126 رنز تک پہنچایا۔ یہ ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں نویں وکٹ کی سب سے بڑی شراکت ہے ۔ میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ انیری ڈرکسن کو دیا گیا۔پاکستان ویمن ٹیم اب اپنا اگلا میچ کل بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں