وسیم اکرم کا اپنے انتقال کی جھوٹی خبروں پر شدید رد عمل
سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے اسطرح کی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں،سابق کپتان
لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان اور سوئنگ کے بادشاہ کہلانے والے عظیم آل راؤنڈر وسیم اکرم نے اپنے انتقال کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر شدید رد عمل دیا ہے ۔سوشل میڈیا پر جاری پیغام کے ذریعے وسیم اکرم نے کہا کہ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے اس طرح کی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔ نزلے اور زکام کی کیفیت سے دوچار وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ وہ اپنے چاہنے والوں کے بہت شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی صحت اور زندگی کے لیے دعائیں کی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وسیم اکرم کے اچانک انتقال کی افواہیں گردش کرتی رہیں۔ یہ افواہیں جعلی ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے پھیلائی گئیں، جس کے بعد مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔افواہوں کا جواب دیتے ہوئے شنیرا اکرم نے سوشل میڈیا پر نئی ویڈیو شیئر کی جس میں وسیم اکرم جم میں ورزش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ شنیرا اکرم نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ یہ ریکارڈنگ میں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی خبروں اور اے آئی ویڈیوز کے جواب میں شیئر کی ہے۔