ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے فارمیٹس تبدیل
ون ڈے ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں شریک ہوں گی، تاہم اب فائنل تک رسائی کے لیے تین مراحل پر مشتمل نیا نظام متعارف کرا دیاگیا ٹی ٹونٹی میں 20ٹیمیں پانچ گروپس میں تقسیم،ٹاپ دو ٹیمیں سپر 10مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی،سپر 10میں5،5کے دو گروپس
لاہور(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایڈنبرا میں سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد کرکٹ کو مزید دلچسپ بنانے کیلئے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 اور ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کے فارمیٹس میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 میں 14 ٹیمیں شریک ہوں گی، تاہم اب فائنل تک رسائی کے لیے تین مراحل پر مشتمل نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی 14 ٹیموں میں سے نچلی تین ٹیمیں راؤنڈ رابن سپر سیریز کھیلیں گی جس کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں جگہ بنائے گی۔دوسرے مرحلے میں باقی 12 ٹیموں کو چھ، چھ ٹیموں کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا ۔
دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیمیں اور اگلی بہترین پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم سپر 7 مرحلے میں پہنچے گی۔تیسرے مرحلے یعنی سپر 7 میں سات ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی جس کے بعد ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ 2028 میں 20 ٹیمیں ہی شریک ہوں گی ۔گروپ مرحلے میں 20 ٹیموں کو چار ٹیموں پر مشتمل پانچ گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔سپر 10 مرحلے میں پانچ، پانچ ٹیموں کے دو گروپس ہوں گے ۔ ہر گروپ کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم براہ راست سیمی فائنل میں پہنچے گی۔باقی دو سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ نئے ایلیمنیٹر مرحلے کے ذریعے ہوگا جہاں ہر گروپ کی دوسرے نمبر کی ٹیم مخالف گروپ کی تیسرے نمبر کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ ان میچز کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments