ویمنز ون ڈے سیریز،سری لنکا کو ہرا کر پاکستان کا فاتحانہ آغاز
ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 210 رنز بنائے ،نشرہ سندھو کی 3 وکٹیں پاکستان ویمن ٹیم نے 211 رنز کا ہدف 43 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، گل فیروزہ نے 78،سدرہ نے 57 رنز بنائے
ہمنبٹوٹا (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، تین میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم نے 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی۔ قومی کھلاڑی گل فیروزہ اور سدرا امین نے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے ۔میزبان ملک کی کپتان چماری اتاپتو اور نیلاکاشکا سلوا 46، 46 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہیں۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسمیہ رباب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں پاکستان ویمن ٹیم نے 211 رنز کا ہدف 43 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ گل فیروزہ نے شاندار 78 رنز کی اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا جس میں 11 چوکے شامل تھے ۔ جبکہ سدرہ امین نے 57 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 90 رنز جوڑے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان کو سیریز اپنے نام کرنے جبکہ سری لنکا کو مقابلہ برابر کرنے کا موقع ملے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments