پاکستان ویمنز کو شکست، ون ڈے سیریز سری لنکا کے نام
تیسرے میچ میں پاکستان نے 40 اوورز میں 187رنز بنائے ، لنکن ٹیم نے ہدف 2 وکٹ پر حاصل کر کے سیریز دو ایک سے جیت لی سیریز میں ہمارا آغاز اچھا تھا لیکن اس کے بعد جس طرح کی پرفارمنس ہوئی اس سے مایوسی تو ہوئی ہے ،قومی کپتان فاطمہ ثنا کی گفتگو
ہمبنٹوٹا(سپورٹس ڈیسک)سری لنکا ویمنز نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز دو ایک سے جیت لی۔ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی جہاں 10 کے سکور پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئیں۔ گل فیروزہ نے 40 اور منیبہ علی نے 34 رنز بنائے ۔ اس کے بعد کپتان فاطمہ ثنا نے 41 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن پاکستان ٹیم 40 اوورز میں 187رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔سری لنکن کپتان چماری اتاپتو، چیتھانا اور کویشا دلہاری نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں سری لنکن ویمنز ٹیم نے 188 رن کا ہدف 38ویں اوور میں صرف 2 وکٹ پر حاصل کر لیا۔ ہرشیتھا 71 اور ہسنی پریرا 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں ۔
قومی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ ون ڈے سیریز ہارنے پر مایوسی ہوئی ہے ، سیریز میں ہمارا آغاز اچھا تھا لیکن اس کے بعد جس طرح کی پرفارمنس ہوئی ہے اس سے مایوسی تو ہوئی ہے کوشش یہی ہے کہ اس سے جتنا پازیٹو لے سکیں لیں تاکہ آئندہ فائدہ ہو۔انھوں نے کہا کہ بیٹنگ ٹریک تھا لیکن اس طرح ہم نے بیٹنگ نہیں کی جس طرح اس پچ پر بیٹنگ کرنی چاہیے تھی اگر سینئرز کے بعد جونیئرز کے پاس موقع آئے تو انہیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے ، مڈل آرڈر میں جونیئر جتنا اچھا کھیلیں گے اتنا فائدہ ہے ۔ فاطمہ ثنا نے کہا کھلاڑیوں کو ایک پیغام دیا ہے پازیٹو رہیں جب تجربات کرتے ہیں تو بعض اوقات ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لیے صبر کے ساتھ کھیلیں فینز کو بھی میں یہی کہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments