ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ،پاکستان ویسٹ انڈیز سے آگے
قومی ٹیم آخری سے 8ویں پوزیشن پرواپس ،ویسٹ انڈیز 9ویں نمبرپرچلی گئی آسٹریلیا پہلے ،جنوبی افریقہ دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر براجمان
پورٹ آف سپین (سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے کوئنز پارک اوول میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔اس کامیابی کے ساتھ گرین شرٹس نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کی پوائنٹس ٹیبل میں بھی بہتری حاصل کرتے ہوئے آخری پوزیشن سے آٹھویں نمبر پر جگہ بنالی جبکہ ان کی کامیابی کا تناسب 22.22 فیصد ہو گیا جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم 20.83 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر چلی گئی۔پاکستان نے سیریز کا آغاز شکست سے کیا تھا تاہم شاندار واپسی کرتے ہوئے دوسرا ٹیسٹ اپنے نام کیا،یہ پاکستان کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 میں دوسری فتح ہے ۔حیران کن طور پر پاکستان نے پہلی فتح موجودہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ کے خلاف حاصل کی تھی۔واضح رہے کہ آسٹریلیا 87.50 فیصد کے ساتھ پہلے اور جنوبی افریقہ 75.00 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے ۔نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش، بھارت، سری لنکا اور انگلینڈ بالترتیب تیسری سے ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments