ایشین گیمز : قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا
پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 145رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، بنگلہ دیشی ٹیم 7وکٹوں پر 114رنز ہی بنا سکی قومی ہاکی ٹیم کی ازبکستان کو 1کے مقابلے 5گول سے ہرا کر دوسری فتح،پاکستانی فائٹر عاصم خان کا ایم ایم اے مقابلے میں برانز میڈل
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز میں بنگلہ دیش کو 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا، جو ایشین گیمز کی تاریخ میں 2010 اور 2014 کے گولڈ میڈلز کے بعد پاکستان کا تیسرا میڈل ہے۔ جاپان کے کوروگی سپورٹس پارک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور گل فیروزہ کے 31 اور شوال ذوالفقار کے 17 رنز کی بدولت 46 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، فاطمہ نے 45 رنز بنائے جبکہ عالیہ نے 25 رنز کی اننگز کھیلی، جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، بنگلہ دیش کی جانب سے شورنا اختر، ناہیدہ اختر اور ریتو مونی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 114 رنز ہی بنا سکی۔ام ہانی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری طرف مینز کے ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ازبکستان کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ جیت لیا۔ 18ویں منٹ میں پاکستان کے محمد عماد نے بہترین فیلڈ گول کر کے ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔ پاکستان کے سفیان خان نے دوسرا گول کیا۔ 40ویں منٹ میں عبد الرحمٰن نے پینلٹی کارنر پر گول سکور کیا ۔ 45ویں منٹ میں ابوبکر محمود نے پینلٹی سٹروک پر کامیابی حاصل کی۔ 57ویں منٹ میں سفیان خان نے گول کر کے پاکستان کی 1-5 سے فتح یقینی بنا دی۔ علاوہ ازیں پاکستان کبڈی ٹیم نے نیپال کو 43 کے مقابلے میں 58 پوائنٹس سے ہرا کر شاندار فتح سمیٹ لی۔ اس فتح نے نہ صرف پول 'بی' میں پاکستان کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر دیا ہے بلکہ اگلے مرحلے اور میڈل کی دوڑ تک رسائی کی امیدوں کو بھی مزید روشن کر دیا ہے ۔دریں اثنا پاکستانی فائٹر عاصم خان نے مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے ) کے مردوں کے ماڈرن 60 کلوگرام زمرے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برانز میڈل اپنے نام کر لیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments