ایشین گیمز کا اختتام، چین کا 341 میڈلز کایساتھ پہلا نمبر
چین نے 169گولڈ سمیت 341میڈلز جیتے ،جاپان کی 269میڈلز کیساتھ دوسری،جنوبی کوریا کا 150میڈلز کیساتھ تیسری پوزیشن چین کی 13سالہ تیراک یو زیڈی کو گیمز کی بہترین خاتون کھلاڑی قرار دیا گیا،ایشین گیمز کی مشعل 2030کے میزبان قطر کے حوالے
ٹوکیو(سپورٹس ڈیسک)جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں ہونے والے ایشین گیمز 2026 کا اختتام ہوگیا ہے ، سب سے زیادہ گولڈ میڈلز جیتنے کی دوڑ میں چین پہلے ، جاپان دوسرے اور جنوبی کوریا تیسرے نمبر پر رہا جب کہ پاکستان نے میڈلز ٹیبل پر 29 ویں پوزیشن حاصل کی۔ جاپان کے مِزوہو پارک ایتھلیٹک سٹیڈیم میں 20 ویں ایشن گیمز کا میلہ رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، جہاں شریک ممالک کے پرچموں کا مارچ پاسٹ ہوا اور فنکاروں کی پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگائے ۔
اختتامی تقریب میں اولمپک کونسل آف ایشیا کے صدر شیخ جوعان بن حمد آل ثانی نے کھیلوں کے اختتام کا اعلان کیا جب کہ ایشین گیمز کی مشعل 2030 کے میزبان قطر کے حوالے کردی گئی۔ بڑے پیمانے پر ہونے والے ان مقابلوں کے دوران منتظمین کو رہائش اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کا سامنا رہا۔ مختلف ٹیموں نے رہائش کے انتظامات اور سفری سہولیات سے متعلق شکایات کیں، جس پر منتظمین کو متعدد مرتبہ معذرت کرنا پڑی۔ چین کی 13 سالہ تیراک یو زیڈی کو گیمز کی بہترین خاتون کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے تیراکی میں 3 انفرادی گولڈ میڈلز جیتے اور 200 میٹر انفرادی میڈلے میں بھی کامیابی حاصل کی۔چین کے 19 سالہ تیراک ژانگ ژانشوؤ 7 گولڈ میڈلز جیتنے والے پہلے تیراک کا اعزاز حاصل کیا۔
جاپان کے 17 سالہ تیراک شن اوہاشی نے 200 میٹر بریسٹ سٹروک میں عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ چین نے 169 گولڈ سمیت مجموعی طور پر 341 میڈلز جیت کر میڈلز ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔جاپان نے 83 گولڈ سمیت مجموعی طور پر 269 میڈلز جیتے ، جو 1994 کے ہیروشیما ایشین گیمز کے بعد ملک کا بہترین میڈلز ریکارڈ ہے ۔ اس کے علاوہ جنوبی کوریا 39 گولڈ، 43 سلور اور 68 برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہا۔پاکستان نے ایشین گیمز میں مجموعی طور پر 10 میڈلز جیتے ، جن میں 2 سلور اور 8 برانز میڈلز شامل ہیں اور میڈلز ٹیبل پر 29 ویں پوزیشن حاصل کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments