تیسرے ٹی ٹونٹی میں سری لنکا کی فتح، سیریز پاکستان کے نام
پاکستان نے آخری ٹی ٹونٹی میں سری لنکا کو جیت کیلئے 169 رنز کا ہدف دیا جو مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا قومی بیٹنگ بجھی بجھی نظر آئی، سوائے فرحان کے کوئی کھلاڑی بڑی اننگز نہ کھیل سکا، انہوں نے 76 رنز بنائے ، مینڈس 87 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)سری لنکا نے سیریز کے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو شکست دے دی، جبکہ سیریز قومی ٹیم نے 1-2سے اپنے نام کرلی۔پاکستان نے آخری ٹی ٹونٹی میں سری لنکا کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا جو مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر گرین شرٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 168 رنز بنائے ۔اس میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن بجھی بجھی نظر آئی، سوائے کپتان صاحبزادہ فرحان کے کوئی کھلاڑی بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔
صاحبزادہ فرحان نے 47 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اختتامی لمحات میں عرفات منہاس نے 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ حسن نواز نے 16، عبدالصمد نے 15 اور فخر زمان نے 12 رنز بنائے ۔ سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا نے 3، نوان تھشارا اور ایشان ملنگا نے دو دو جبکہ وجیاکانتھ ویاسکانتھ نے ایک وکٹ لی۔سری لنکن ٹیم نے ہدف 18ویں اوور میں صرف 2 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔ کپتان کوشل مینڈس نے 87 اور کمنڈو مینڈس نے 40 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں جبکہ سینتھ جے وردھنا 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ پاکستان کی جانب سے محمد عمران اور عرفات منہاس نے ایک ایک وکٹ لی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments