قومی کھیل کی بحالی،حکومت،ہاکی لیجنڈز اور نجی شعبہ متحرک
پاکستان ہاکی لیگ کی سافٹ لانچنگ تقریب کا انعقاد، قومی کھیل کو ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار باقاعدہ لانچ کا اعلان آج کیا جائے گا،لیگ میں عالمی ہاکی سٹارز شرکت کرینگے جس سے پاکستانی پلیئرز کو تجربہ اور سیکھنے کے مواقع میسر آئینگے
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی لیگ کی اسلام آباد میں سافٹ لانچنگ، قومی کھیل کی بحالی کے لیے حکومت، ہاکی لیجنڈز اور نجی شعبہ ایک پیج پر آگئے ۔ پاکستان ہاکی لیگ کی سافٹ لانچنگ تقریب منعقد ہوئی، تقریب کا بنیادی مقصد قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور اسے ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار تھا۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی کے لیجنڈز اولمپین شہناز شیخ، اولمپین شہباز احمد سینئر، اولمپین حسن سردار، اولمپین طاہر زمان، اولمپین منظور احمد سینئر، اولمپین قمر ابراہیم، اولمپین خواجہ جنید اور ہاکی کے دیگر ممتاز کھلاڑیوں اور شخصیات نے شرکت کی۔پاکستان ہاکی لیگ کی سافٹ لانچنگ قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ اس لیگ کا مقصد کارپوریٹ سرمایہ کاری کو فروغ دینا، عالمی شہرت یافتہ ہاکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانا، پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کا تجربہ فراہم کرنا اور ہاکی کی ترقی کے لیے پائیدار مواقع پیدا کرنا ہے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی کھیل کی بحالی کے لیے مسلسل اصلاحات، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی ترقی کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔باقاعدہ لانچ کا اعلان آج شام 5 بجے کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی لیگ میں عالمی شہرت یافتہ ہاکی سٹارز شرکت کریں گے جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح کا تجربہ اور سیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے ۔پاکستان ہاکی لیگ، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور میڈیا کاسٹ کی مشترکہ کاوش ہے ، جس کا مقصد بین الاقوامی ہاکی سٹارز، پاکستانی کھلاڑیوں، کارپوریٹ سپانسرز اور ٹیم مالکان کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments