اس پچ پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں تھا ،اس لیے محتاط رہا:سعود
کوئی بھی بیٹر نصف سنچری بنانے کے بعد جان بوجھ کر وکٹ نہیں گنواتا ،مڈل آرڈر بیٹر
راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے کہا ہے کہ اس پچ پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں تھا اس لیے ٹیم نے غیر ضروری جارحانہ انداز اختیار کرنے کے بجائے محتاط انداز میں کھیلنے کی حکمت عملی اپنائی، عرفات منہاس کی نصف سنچری نے ٹیم کا مجموعہ بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہا کہ ہم نے ابتدائی طور پر اچھے رن ریٹ سے بیٹنگ کی تاہم بعد میں وکٹ پر رنز بنانا مشکل ہو گیا تھا اور گیند بھی سوئنگ ہو رہی تھی، ایسے میں غیر ضروری جارحانہ بیٹنگ سے وکٹیں گرنے کا خدشہ تھا۔
انہوں نے 93 رنز پر آؤٹ ہونے کے حوالے سے کہا کہ سنچری مکمل نہ ہونے پر مایوسی ہوئی تاہم وہ تیز کھیلنے کی کوشش نہیں کر رہے تھے بلکہ گیند توقع سے زیادہ تیزی سے آئی جس پر وہ آؤٹ ہو گئے ۔ سعود شکیل نے کہا کہ ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں میں اچھی صلاحیتیں موجود ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بیٹر نصف سنچری بنانے کے بعد جان بوجھ کر وکٹ نہیں گنواتا تاہم حالیہ ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی صورتحال ایسی رہی ہے کہ طویل اننگز کھیلنا آسان نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ میچ کی آخری اننگز میں پچ پر نشانات پڑنے سے سپنرز کو کچھ مدد مل سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments