میچ اتنا آسان نہیں تھا، سری لنکا نے سخت مقابلہ دیا:بابر

میچ اتنا آسان نہیں تھا، سری لنکا نے سخت مقابلہ دیا:بابر

آئندہ حکمت عملی بناتے وقت موسم،ٹیم کمبی نیشن مدنظر رکھنا ہوگا،قومی کپتان

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہر روز کامیابی نہیں ملتی اور نہ ہی ہر روز شکست ہوتی ہے ، اصل چیز یہ ہے کہ ہم مسلسل سیکھتے رہیں اور اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کریں۔ آئندہ میچز کے لیے حکمت عملی بناتے وقت موسم اور ٹیم کمبی نیشن کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، اس کے بعد فیصلہ کریں گے کہ کس کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترا جائے ۔ بابر اعظم نے کہا کہ ٹیسٹ میچ اتنا آسان نہیں تھا، سری لنکا نے بھی ہمیں سخت مقابلہ دیا اور مختلف مواقع پر مشکل وقت سے دوچار کیا۔

پہلی اننگز میں سری لنکا کو 98 رنز پر آئوٹ کرنا ٹرننگ پوائنٹ آیا، جس کے بعد ہماری کوشش تھی کہ بیٹنگ میں لمبی اننگز کھیلیں، تاہم بدقسمتی سے بڑی پارٹنرشپس قائم نہ ہوسکیں۔ دوسری اننگز میں بھی ایک موقع پر محسوس ہو رہا تھا کہ سری لنکا کا مڈل آرڈر میچ میں واپس آ رہا ہے ۔قومی کپتان نے باؤلرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے باؤلرز کو کریڈٹ دینا چاہتا ہوں۔ ایک باؤلر کم ہونے کے باوجود تینوں باؤلرز نے بہترین کھیل پیش کیا اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...