امریکی ساحل پر سیکڑوں سال قدیم بحری جہاز کا ڈھانچہ برآمد
نارتھ کیرولینا(نیٹ نیوز)امریکی ساحل پر 1800 میں تیارکردہ ایک چھوٹے بحری جہاز کی باقیات ازخود نمودار ہوئی ہیں۔
اس سے قبل بھی یہ ساحل قدیم سمندری جہازوں کی وجہ سے ایک مشہورومقبول مقام رہا ہے کچھ روز قبل اسی ساحل پر 12 فٹ چوڑا اور 60 فٹ طویل جہاز کا ڈھانچہ دیکھا گیا ہے جس کی تفصیلات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس پر جابجا زنگ آلود آہنی ٹکڑے لگے ہیں اور بوسیدہ لکڑی کی پٹیاں واضح دکھائی دے رہی ہیں۔
ماہرینِ آثار کے مطابق فی الحال اس پر تحقیق جاری ہے لیکن ابتدائی اندازے کے مطابق یہ کوئی بڑا بحری جہاز تو نہیں بلکہ ایک کشتی ہی ہے ۔بحری جہازوں کی تاریخ کے ماہر کیون بی ڈیوفس کے مطابق اس کا تعلق انیسویں صدی سے ہوسکتا ہے ۔ یہ جہاز درحقیقت کیپ فیئر لائف سیونگ سٹیشن سے 500 گز دور ملا ہے جو 1883 سے 1913 تک سرگرم تھا۔