ڈاکٹر نے سرِ راہ اپنی سکوٹی پرپٹرول چھڑک کر آگ لگادی
ممبئی(نیٹ نیوز)الیکٹرک سکوٹر کئی دنوں سے لگا تار ملک کی مختلف ریاستوں میں اس کے مالکان کیلئے وبال جان بنی ہوئی ہیں۔
تامل ناڈو میں اپنی الیکٹرک سکوٹی کی ناقص کارکردگی پر برہم ایک ڈاکٹر نے سرِ راہ اپنی الیکٹرک سکوٹی پر خود اپنے ہاتھوں سے پٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔یہ واقعہ تامل ناڈو کے تروپتور ضلع کے امبور بائی پاس روڈ پر پیش آیا، بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر پرتھوی راج نے تین ماہ قبل اولا ایس ون پرو الیکٹرک سکوٹی خریدی تھی۔جس کی قیمت تامل ناڈو میں 1,36,750 روپے بتائی گئی ہے۔
ڈاکٹر پرتھوی راج کے مطابق وہ اس الیکٹرک گاڑی کی ناقص کارکردگی اور مکمل چارج شدہ بیٹری کے باوجود کم فاصلہ طے کیے جانے سے شدید پریشان تھے ۔ انہوں نے غصہ کی حالت میں قریبی پٹرول پمپ سے بوتل میں دو لیٹر پٹرول منگوا کر اپنی سکوٹی پر چھڑک دیا اور خود اپنے ہاتھوں سے سکوٹی کو نذرآتش کردیا۔