گوشت کا کم استعمال موسمیاتی تغیر میں کمی لا سکتا ہے
برلنگٹن(نیٹ نیوز)نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ غذا کے نصف حصے کو سبزیوں پر منتقل کرنے سے موسمیاتی تغیر میں کمی لائی جا سکتی ہے ۔
جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گوشت اور ڈیری پر مشتمل غذا کا نصف حصہ پودوں پر مشتمل غذا سے بدل دیا جائے تو آئندہ 27 سالوں میں 31 فی صد تک کاربن اخراج میں کمی لائی جا سکتی ہے ۔گوشت پر مبنی بھاری غذائیں ہماری صحت کے ساتھ ہمارے سیارے کیلئے بھی خطرات رکھتی ہیں۔ بڑے پیمانے پر مویشیوں کا پالا جانا ہمارے ماحول کو خراب کرتا ہے اور وسیع مقدار میں گرین ہاؤس گیس کو پیدا کرتا ہے ۔ غذا کا 50 فی صد حصہ سبزیوں پر مشتمل کرنے سے زراعت اور زمین کے استعمال میں کمی واقع ہوگی۔یونیورسٹی آف ورمونٹ کی ایوا وولین برگ کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں کمی کیلئے گوشت کے استعمال میں کمی کرنے کی ضرورت ہوگی۔