ماں نے منشیات کے عادی بیٹے کیلئے گھر میں ہی جیل بنادی
بنکاک(نیٹ نیوز)تھائی لینڈ میں ایک پریشان حال خاتون نے منشیات اور جوئے کے عادی اپنے بیٹے کو ان برائیوں سے بچانے کے لیے گھر میں آہنی سیل بناکر اسے قید کردیا۔
64 سالہ خاتون نے 20 برس سے زیادہ عرصے تک منشیات کے عادی اپنے بیٹے سے خوف و خدشات کے ساتھ رہنے کے بعد اب اس نے خود کو اور پڑوسیوں کو بچانے کے لیے غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے حال ہی میں اپنے گھر کے اندر جیل کا سیل تیار کروایا ہے، تاکہ وہ اپنے 42 سالہ نشے کے عادی بیٹے کو وہاں رکھ سکے جو اکثر تشدد پر اتر آتا ہے۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کے شوہر کا انتقال بیٹے کی صورتحال سے پیدا شدہ ڈپریشن سے ہوا، اس نے برسوں ہر وہ چیز کی جس سے اپنے بیٹے کو ان برائیوں سے بچایا جاسکے، جس میں متعدد بار دس سے زیادہ بحالی مراکز میں اس کا داخلہ شامل ہے۔