آن لائن جاب فراڈ، خاتون سے لاکھوں روپے لوٹ لیے گئے
ممبئی (نیٹ نیوز)ملازمت کی خواہش مند بھارتی خاتون کو آن لائن جاب کی درخواست بھیجنا مہنگا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آج کے دور میں آن لائن پارٹ ٹائم ملازمتوں کا حصول تیزی سے مقبول ہو گیا ہے ، ایسے ہی گھر بیٹھے کام کی خواہاں ایک خاتون نے بذریعہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام ‘ایمیزون فریشرز جاب ان انڈیا’ کے لنک پر کلک کیا تو اسے فراڈ کا سامنا کرنا پڑا۔پارٹ ٹائم جاب کی تلاش میں 25 سالہ خاتون نے جوں ہی آن لائن جاب کے لیے درخواست دی اس کے بینک اکاؤنٹ سے تقریباً 1 لاکھ 94 ہزار بھارتی روپے (6 لاکھ 39 ہزار پاکستانی روپے ) دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل ہو گئے ۔ خاتون نے فوری سائبر کرائم پولیس سٹیشن میں اپنی شکایت درج کروا دی ۔