ایران کا جزیرہ بارش کے بعد ’’خون ‘‘میں نہا گیا
تہران(نیٹ نیوز)ایران کے جزیرہ ہرمز کی ساحلی پٹی حالیہ دنوں میں ہونے والی بارشوں کے بعد سرخ رنگ میں ڈوب گئی۔
اس پراسرار سرخ منظر کو خون کی بارش کے طور پر بھی بیان کیا گیا ہے ۔ ہرمز جزیرہ جو کبھی رینبو آئی لینڈ کے طور پر جانا جاتا تھا، کے سمندر کی گہری لال رنگت نے اسے نہ صرف جاذب نظر بنادیا ہے ، بلکہ اس کے پیچھے چھپی قدرتی حقیقتوں کے بارے میں بھی سوالات اٹھادئیے ہیں۔اس قدرتی واقعے کی وجہ جزیرے کی منفرد جغرافیائی ساخت ہے ۔ ہرمز جزیرہ ہیماٹائٹ نامی معدنیات کی موجودگی کی وجہ سے آئرن آکسائیڈ سے بھرپور ہے ۔ یہ وہی معدنیات ہیں جو چاند کی سرخ سطح کی طرح زمین کے رنگ کو سرخ بنا دیتی ہیں ، جب بارش کا پانی ہرمز کی آئرن سے بھرپور مٹی میں جذب ہوتا ہے ، تو یہ آئرن آکسائیڈ ذرات کو پانی میں حل کر دیتا ہے ، جس کی وجہ سے ساحل اور پانی کا رنگ سرخ ہو جاتا ہے ۔