الپس کے پہاڑوں میں ڈائنو سارز کے قدموں کے نشانات
روم(نیٹ نیوز)اٹلی کے ماہرِ ارضیات نے الپس کے پہاڑوں میں واقع سٹیلیوو نیشنل پارک میں ایک حیرت انگیز دریافت کی ہے ، جہاں دو ہزار میٹر سے زائد بلندی پر تقریباً عمودی چٹان پر ہزاروں ڈائنو سارز کے قدموں کے نشانات ملے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ دریافت ٹرائیاسک دور سے تعلق رکھنے والے دنیا کے امیر ترین مقامات میں شمار کی جا رہی ہے ۔یہ نشانات شمالی اٹلی کے علاقے لومبارڈی میں واقع بوریو کے قریب بلند پہاڑی گلیشیئر وادی ویلے دی فریئلے میں پائے گئے ہیں،ماہرِ آثارِ قدیمہ کریستیانو دال ساسو نے بتایا کہ یہ اٹلی کے سب سے بڑے اور قدیم ڈائنو سارز فٹ پرنٹ مقامات میں سے ایک ہے اور 35 سالہ کیریئر میں انہوں نے ایسا شاندار منظر کم ہی دیکھا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدموں کے نشانات ممکنہ طور پر لمبی گردن والے سبزی خور ڈائنو سارز، جنہیں پلیٹیوسارس کہا جاتا ہے نے چھوڑے تھے ۔