روس : بیک وقت ایک چاند 4 جگہوں پر دیکھ کر شہری حیران
ماسکو(نیٹ نیوز)روس میں آسمان پر بیک وقت ایک ہی چاند 4 جگہوں پر دیکھ کر شہری حیران رہ گئے۔
یہ منظر 1 اور 2 فروری کی رات روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کے رہائشیوں نے دیکھا اور اسے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا۔ماہرین فلکیات کے مطابق آسمان پر نظر آنے والے اس حیرت انگیز نظارے کو ‘مون ڈوگ’ کہا جاتا ہے۔ روس میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی انتہائی نیچے ہونے کی وجہ سے فضا میں برف کے کرسٹلز بن گئے تھے جب چاند کی روشنی برف کے ان کرسٹلز سے گزری تو روشنی کے اضطراب سے ایک ہی چاند 4 جگہوں پر نظر آیا۔ یہ مکمل طور پر قدرتی عمل ہے اور ایسا صرف مخصوص موسمی حالات میں نظر آتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ حقیقت میں 4 نہیں بلکہ ہمیشہ کی طرح صرف 1 ہی چاند تھا۔