گرمی میں دودھ جلد پھٹ جاتا ہے ،بچاؤ کے آسان طریقے
لاہور(نیٹ نیوز)گرمیوں میں سب سے عام مسئلہ دودھ کا جلد خراب ہونا اور چند گھنٹوں میں پھٹ جانا ہے ، زیادہ درجہ حرارت میں بیکٹیریا تیزی سے بڑھتے ہیں، جو دودھ کو خراب کرنے کی بڑی وجہ بنتے ہیں۔
اگر دودھ کو زیادہ دیر تک کھلا چھوڑ دیا جائے یا صاف برتن میں محفوظ نہ کیا جائے تب بھی یہ جلدی خراب ہوسکتا ہے ۔دودھ کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ اسے اچھی طرح ابالا جائے ۔ ابالنے کے فوراً بعد اسے ٹھنڈا کر کے فریج میں رکھ دینا چاہیے ۔ کئی لوگ یہ غلطی کرتے ہیں کہ دودھ کو ابالنے کے بعد باہر ہی چھوڑ دیتے ہیں، جس سے وہ جلد خراب ہو جاتا ہے ۔اس کے علاوہ دودھ کو ہمیشہ ڈھک کر رکھیں اور نکالتے وقت صاف چمچ یا برتن کا استعمال کریں۔ دودھ ابالتے وقت اگر اس میں ایک چمچ چینی شامل کر دی جائے تو یہ زیادہ دیر تک تازہ رہتا ہے اور جلد خراب نہیں ہوتا۔