طوطے کی غنڈہ گردی، گاڑیوں کا لاکھوں کا نقصان کردیا
سکاٹ لینڈ(نیٹ نیوز)سکاٹ لینڈ کے ایک رہائشی علاقے میں ان دنوں ایک مفرور طوطا شہریوں کے لیے دردِ سر بنا ہوا ہے ۔
ننھے طوطے پر الزام ہے کہ وہ کھڑی گاڑیوں کے ربڑ کے حصوں کو اپنی چونچ سے کتر دیتا ہے ، جس کی وجہ سے اب تک شہریوں کا ہزاروں ڈالرز کا نقصان ہو چکا ہے ۔مقامی رہائشیوں کے مطابق یہ طوطا فروری سے علاقے میں گھوم رہا ہے ، جو گاڑیوں کے وائپرز اور کھڑکیوں کی ربڑ کی سیلز کو نوچ ڈالتا ہے ۔ تنگ آ کر اب کئی شہریوں نے اپنی گاڑیوں کو استعمال نہ ہونے کی صورت میں ترپالوں سے ڈھانپنا شروع کر دیا ہے ۔ایک مقامی خاتون نے میڈیا کو بتایا، ‘یہاں ہمارے علاقے میں اب طوطے کا نام بھی اچھے لفظوں میں نہیں لیا جاتا، اس ننھے میاں نے گاڑیوں کا کباڑہ کر کے یہاں تباہی مچا رکھی ہے ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ طوطا کبھی کبھار چند ہفتوں کے لیے غائب ہو جاتا ہے ۔