کار ڈیلرز کا کاروبار 60فیصد تک کم ، 30فیصد شو رومز بند
توجہ نہ دی گئی تو حکومت کو7 ارب تک مزید خسارہ برداشت کرنا پڑیگا،شہزادہ سلیم
لاہور(عبدالقادر مدنی سے )کار ڈیلرز کا کاروبار 60فیصد تک کم ، 30سے 35فیصد شہر کے کار شو رومز بند، پنجاب حکومت کو ٹوکن ٹیکس ، ٹرانسفر اور رجسٹریشن فیس کی مد میں نقصان کا سامنا ۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ سال 2017-18 میں محکمہ ایکسائز پنجاب کو ٹوکن ٹیکس، ٹرانسفرفیس اور رجسٹریشن فیس کی مد میں15ارب کے قریب ریونیو حاصل ہوا تھا جو گزشتہ مالی سال2018-19میں کم ہوکر 13سے 14ارب روپے ہوگیا۔ اس حوالے سے لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کے صدر شہزادہ سلیم اور چیئر مین محمد ادریس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کار لائن سیکٹر کا کاروبار 60فیصد تک کم ہوچکا ہے حکومت نے اگر اب بھی مسئلہ کی طرف توجہ نہ دی تو ٹوکن ٹیکس،رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس کی مد میں 5سے 7ارب کا مزید خسارہ برداشت کرنا ہوگا۔ دوسری طرف صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز کار ڈیلرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے متحرک ہو گئے ہیں۔