ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر 6ڈرائیور گرفتار
ملزموں کو ون وے ،تیزرفتاری، اوورلوڈنگ کرنے سمیت دیگر الزامات پر پکڑا گیا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)پولیس نے مختلف علاقوں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 6ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے ون وے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا، اسی طرح تھانہ ٹھیکریوالا کے علاقے میں ٹریکٹر ٹرالی پر اوور لوڈنگ کرنے والے ٹریکٹر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے میں دوران ڈرائیونگ تیز رفتاری کا مظاہرہ کرنے والے شخص کو بھی حوالات میں بند کر دیا گیا۔
تھانہ ستیانہ کے علاقے میں مسافر وین میں غیر معیاری اور خستہ حال گیس سلنڈرنصب کرانے پر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔ اد ھر تھانہ صدر کے علاقے میں بغیر نمبر پلیٹ گاڑی لے کر گھومنے والے شہری اورتھانہ ریل بازار کے علاقے میں ممنوعہ اوقات کے دوران ہیوی وہیکل لانے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ متعلقہ تھانوں کی پولیس نے تمام ملزموں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔