سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ، سرکاری نرخ نامے نظرانداز
ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ کرائے جانے پر شہریوں میں شدید تشویش
چناب نگر (نامہ نگار)چناب نگر میں سبزی فروشوں کی جانب سے سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے ، جبکہ سرکاری نرخوں کے برعکس من مانی قیمتوں پر سبزیاں فروخت کی جا رہی ہیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹی اور متعلقہ حکام کی جانب سے ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ کرائے جانے پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں دکاندار پرائس لسٹ کے برخلاف سبزیاں مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے گراں فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید خراب ہو چکی ہے۔
شہریوں کے مطابق انتظامیہ کی خاموشی نے گراں فروشوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ، جس کے باعث صارفین کا بے دریغ استحصال کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کا سرکاری نرخ نامہ روزانہ کی بنیاد پر جاری کیا جاتا ہے ، تاہم اکثر دکاندار اس پر عملدرآمد کرنے کو تیار نہیں۔ مضافاتی علاقوں کے سبزی فروش علی الصبح سبزی منڈی سے مال خرید کر اپنے علاقوں میں لے جاتے ہیں اور من مرضی کے نرخ مقرر کر کے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔