کرسمس انتظامات :سینیٹر خلیل سندھو کا حکومت سے اظہارِ تشکر
قیامِ پاکستان میں مسیحی برادری کا اہم کردار رہا :صدر ن لیگ مینارٹیز ونگ پنجاب
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مسلم لیگ (ن)مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر سینیٹر سردار خلیل طاہر سندھو نے کرسمس ڈے کے موقع پربہترین انتظامات کرنے اور تقریبات میں شرکت پر مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف، صدرِ مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وفاقی و صوبائی وزراء اور دیگر رہنماؤں سے اظہار تشکر کیا ہے ۔اپنے پیغام میں سینیٹر سردار خلیل طاہر سندھو نے مزید کہا کہ نواز شریف ہمیشہ مسیحی برادری کے تہواروں میں شرکت کرتے ہیں اور ہر سطح پر اظہارِ یکجہتی بھی کرتے ہیں۔
آر پی او سہیل سکھیرا اور سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سمیت پولیس کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہیں جنہوں نے پوری ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور اس وجہ سے چرچ ہالز میں امن و امان برقرار رہا ،سیاسی جماعتوں سمیت تمام طبقات نے خوشی کے اس موقع پر جس محبت اور احترام کا اظہار کیا وہ مسیحی برادری کی حب الوطنی کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے ۔سینیٹر سردار خلیل طاہر سندھو نے مزید کہا کہ قیامِ پاکستان میں بھی مسیحی برادری کا اہم کردار رہا ہے ، ہم نے بھی ملک و قوم کا ہر مشکل میں ساتھ دیا ہے ۔