یومِ قائدؒ :ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام مرکزی تقریب کا انعقاد

یومِ قائدؒ :ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام مرکزی تقریب کا انعقاد

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر کی شرکت، قائداعظم ؒ کے یومِ ولادت کا کیک کاٹا گیابانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ ہمارے محسن اور قوم کیلئے رول ماڈل ہیں:مقررین

 فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)یومِ قائدؒ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام مرکزی تقریب میونسپل کارپوریشن ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس، اسسٹنٹ کمشنرز عادل عمر اور ڈاکٹر ذوالقرنین، ایڈمن آفیسر ڈی سی آفس ریاض حسین انجم، سی ای او ایجوکیشن راؤ عبدالکریم، ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس کے علاوہ اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت کا کیک کاٹا گیا۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ سحر انگیز شخصیت کے مالک تھے ، جن کی جدوجہد اور اصول پسندی نے تاریخ کے دھارے کا رخ بدلا اور پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظمؒ کے رہنما اصولوں کو اپنا کر ہی وطنِ عزیز کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے ۔مقررین نے مزید کہا کہ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ ہمارے محسن اور قوم کیلئے رول ماڈل ہیں، زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں بلکہ ان کے افکار پر عمل کرکے ترقی حاصل کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت نے برصغیر کے مسلمانوں میں اسلامی مملکت کا شعور اس طرح اجاگر کیا کہ ان کے دلائل کے سامنے کوئی نہ ٹھہر سکا۔آج ہم ان کی بدولت ہی آزاد وطن کی آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں، ملکی تعمیر وترقی کیلئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں