یومِ قائدؒ پر لائلپور میوزیم میں بھی باوقار تقریب کا انعقاد
عجائب گھر قوم کے معماروں کو زندہ رکھنے کا فریضہ انجام دیتے ہیں:مقبول احمد
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)یومِ قائدؒ کے موقع پر لائلپور میوزیم میں ایک باوقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قومی ادارے اپنے بانی کو محض یاد ہی نہیں رکھتے بلکہ ان کے افکار اور جدوجہد کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرتے ہیں۔ تقریب میں ڈائریکٹر لائلپور میوزیم مقبول احمد، میوزیم آفیسرز شہناز محمود، سدرہ شاہ، نبیلہ تبسم، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی اور یومِ قائدؒ کا کیک کاٹا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر لائلپور میوزیم مقبول احمد نے کہا کہ دنیا بھر میں عجائب گھر اپنی قوم کے معماروں کو زندہ رکھنے کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ لائلپور میوزیم بھی بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کو صرف ایک تاریخ کے طور پر نہیں بلکہ ایک مسلسل پیغام کے طور پر محفوظ کر رہا ہے ،ہمارا قائد کارنر اس بات کی عملی مثال ہے ، جہاں قائد اعظمؒ کی جدوجہد، افکار اور تاریخی حوالوں کو نئی نسل کے سامنے پیش کیا جاتا ہے ۔