نئی نسل کو دو قومی نظریہ سے روشناس رکھنا اشد ضروری :کمشنر
قائداعظمؒ کی بصیرت افروز قیادت میں تحریک آزادی کامیاب ہوئی ہمیں قائد اعظمؒ کی زندگی سے سبق سیکھنا چاہئے :یوم قائد پر جاری پیغام
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم ولادت پر جاری پیغام میں محمد علی جناحؒ کی لازوال خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ ایک عہد ساز شخصیت تھے جن کی بصیرت افروز قیادت میں تحریک آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوئی اورایک آزاد،خود مختار ملک پاکستان معرض وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ قائدؒکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ان کے فرمودات پر عمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک عظیم قوم بننے کیلئے ہمیں قائد اعظمؒ کی زندگی سے سبق سیکھنا چاہئے اورہر فرد صدق دل و خلوص نیت سے اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔
کمشنر نے کہا کہ پاکستان سے متعلق قائد اعظمؒ کے خوابوں کی تعبیر کیلئے بھر پور محنت اوردیانتداری سے فرائض دیئے جائیں۔نئی نسل کو دو قومی نظریہ سے روشناس رکھنا اشد ضروری ہے تاکہ آزادی کی قدر کرتے ہوئے حصول پاکستان کے مقاصد پورے کرنے کے عزم میں کمی نہ آئے ۔انہوں نے کہا کہ یوم قائد اعظم مناتے ہوئے ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہئے کہ بانی پاکستان کے فرمودات ایمان، اتحاد اورتنظیم کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔