غیر قانونی آتش بازی تیار کرنیوالی فیکٹری کا مالک گرفتار
چک نمبر 53 ج ب میں رہائشی علاقے سے آتش گیر مواد برآمد، مقدمہ درج
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر پنجاب سول ڈیفنس ٹیم نے آتش بازی کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے چک نمبر 53 ج ب، علاقہ تھانہ نشاط آباد میں قائم غیر قانونی آتش بازی فیکٹری کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی۔ کارروائی کے دوران رہائشی علاقے میں آتش گیر مواد کی غیر قانونی تیاری میں ملوث فیکٹری کے مالک محمد رفیق کو گرفتار کر لیا گیا۔پنجاب سول ڈیفنس ٹیم نے گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ نشاط آباد فیصل آباد میں مقدمہ درج کرا دیا جبکہ موقع پر موجود آتش گیر مواد کو تلف کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق عوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے غیر قانونی اور خطرناک سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔