ڈپٹی کمشنرٹوبہ کا چک 424ج ۔ب میں چرچ کا دورہ

ڈپٹی کمشنرٹوبہ کا چک 424ج ۔ب میں چرچ کا دورہ

مسیحی نمائندوں سے ملاقات ،بین المذاہب ہم آہنگی کے جذبے کا اظہار اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح :عمر عباس

ٹو بہ ٹیک سنگھ ،گوجرہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنرٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ کا کرسمس کے موقع پر چک 424ج ۔ب میں چرچ کا دورہ ،اسسٹنٹ کمشنر چودھری ریاض گجر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے چرچز میں کرسمس کی عبادات اور تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران چرچز کے اطراف سکیورٹی، روشنی، صفائی اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں کو بھی عملی طور پر پرکھا گیا۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے نمائندوں سے ملاقات کر کے انتظامی امور کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے جذبے کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مسیحی برادری کو پرامن ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ،کرسمس تقریبات کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں  ، اقلیتوں کے جان و مال اور عبادات کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

دریں اثناء ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی کرسمس کے حوالے سے مختلف چرچز میں تقریبات کا انعقادکیا گیا اور کیک کاٹے گئے، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے ضلع بھر میں انتظامات کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے قائدِ اعظمؒ ڈے کے حوالہ سے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالجز میں منعقدہ خصوصی تقریب میں بھی شرکت کی اس موقع پر افسروں، اساتذہ، طلبہ، سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اس موقع پر قومی پرچم کشائی کی گئی اور کیک بھی کاٹا گیا جبکہ طلبا و طالبات نے تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے ۔شرکاء سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قائدِ اعظمؒ کے اصول اور افکار آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں ، حکومت نوجوانوں کی کردار سازی اور قومی تشخص کے فروغ کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں