ڈپٹی کمشنر کا تحصیل جڑانوالہ کا تفصیلی دورہ، عوامی سہولیات کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر کا تحصیل جڑانوالہ کا تفصیلی دورہ، عوامی سہولیات کا جائزہ

تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات دیکھیں

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر عوامی بہبود کے اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تحصیل جڑانوالہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورایہ اور دیگر متعلقہ افسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کا دورہ کر کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ کیا اور مریضوں و ان کے لواحقین سے ہسپتال سے ہی ادویات کی دستیابی کی تصدیق کی۔ انہوں نے ادویات اسٹور، مختلف وارڈز اور طبی مشینری کی فعالیت کا بھی جائزہ لیا اور صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سہولت بازار کا دورہ کیا جہاں اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کو چیک کیا۔ انہوں نے پبلک پارک میں فراہم کی جانے والی تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا اور اوپن ایئر لائبریری کے قیام کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور شہری خوبصورتی کے اقدامات کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ جاری منصوبے مقررہ مدت میں تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے شہر، اندرونی گلیوں اور سڑکوں پر صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے ستھرا پنجاب ٹیم کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں