مزید 20سڑکیں ، بازار سہولیات سے آراستہ کرنیکا فیصلہ
کل سے جامع پلاننگ سے مرمت وبحالی،سیوریج سسٹم بہتری،صفائی ،سٹریٹ لائٹس فعال کرنیکی ہدایت،10جنوری کو شہر میں آپریشن کلین اپ کا بھی ٹاسک
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی کا نان سٹاپ سلسلہ جاری ہے ۔ ڈویژنل انتظامیہ نے 40سڑکوں کی مرمت وبحالی،سٹریٹ لائٹس روشن،کروو سٹونز پینٹ،لین مارکنگ،بیوٹیفکیشن ودیگر سہولیات کے بعداگلے مرحلہ میں شہر کی مزید10 اہم سڑکوں اور مختلف علاقوں کے 10 مین بازاروں کو سہولیات سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر باقاعدہ کام کل جمعرات8 جنوری سے شروع کردیا جائے گا۔ اس حوالے سے کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس ہوا۔
ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر)ندیم ناصر سمیت ایڈیشنل کمشنرز،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور دیگر محکموں کے افسر موجود تھے۔کمشنر نے میونسپل کارپوریشن، واسا، ہارٹیکلچر ایجنسی،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کومذکورہ سڑکوں اور بازاروں میں میونسپل سروسز کے حوالے سے جامع پلاننگ کے بعدسڑکوں وروڈز کی مرمت وبحالی،پارکس کی خوبصورتی،سیوریج سسٹم کی بہتری،صفائی ستھرائی،سٹریٹ لائٹس فعال،کروو سٹونز پینٹ،لین مارکنگ پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا تمام متعلقہ محکمے اپنی مشینری اور ورک فورس کے ہمراہ ٹاسک کی انجام دہی کیلئے متحرک رہیں اور شہریوں کو واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے ۔انہوں نے سی او ایف ڈبلیو ایم سی کو ہفتہ 10 جنوری کو شہر بھر میں آپریشن کلین اپ کرنے کا بھی ٹاسک دیدیا اور ہدایت کی کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تمام وسائل بروئے کارلاکرشہر بھر سے کچرے کے پرانے ڈھیروں کا صفایا کردیا جائے ۔انہوں نے کہا وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق شہریوں کی توقعات سے بڑھ کر سروسز کی فراہمی اولین ایجنڈا ہے جس میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔