نیو سبز منڈی روڈ کی تعمیر خوش آئند، بائی پاس تک توسیع کا مطالبہ

نیو سبز منڈی روڈ کی تعمیر خوش آئند، بائی پاس تک توسیع کا مطالبہ

سڑک پر گہرے گڑھے موجود ، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر

پینسرہ (نمائندہ دنیا )شہریوں اور تاجر برادری نے جھنگ روڈ نیو سبز منڈی روڈ کی تعمیر نو کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کو نیو سبز منڈی سے بائی پاس چوک تک توسیع دی جائے ، کیونکہ مذکورہ حصہ شدید خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے ۔منڈی تا بائی پاس چوک سڑک پر ہر چند فٹ کے فاصلے پر گہرے گڑھے موجود ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے ۔ موٹر سائیکل سوار، رکشہ ڈرائیور اور مال بردار گاڑیاں شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں۔نیو سبز منڈی عباس پور فیصل آباد کی بڑی تجارتی منڈیوں میں شمار ہوتی ہے ، جہاں روزانہ ہزاروں افراد کی آمدورفت اور کروڑوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے۔

بیوپاری، آڑھتی اور مزدور صبح و شام منڈی کا رخ کرتے ہیں، مگر سڑک کی ابتر حالت اور کئی سال سے بند سٹریٹ لائٹس نے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑک کے اطراف نصب اسٹریٹ لائٹس خراب ہونے کے باعث رات کے وقت اندھیرا چھایا رہتا ہے ، جس سے نہ صرف ٹریفک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ ڈکیتی، چوری اور دیگر جرائم کی وارداتوں کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ دھند کے موسم میں صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں