ایف ڈی اے کا گرینڈ آپریشن، 13 دکانداروں کے چالان
تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضے میں لے لیا گیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گرینڈ آپریشن کے ذریعے مدینہ ٹاؤن اور ملت چوک گلستان کالونی سے ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضے میں لے لیا گیا جبکہ 13 قصوروار دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تجاوزات کے فوری خاتمے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ تجاوزات کا مکمل صفایا کرنے کے بعد ان علاقوں اور بازاروں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اور اسٹیٹ افسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی اینکروچمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں کا معائنہ کیا۔ دورانِ چیکنگ امتیاز شہید روڈ مدینہ ٹاؤن اور ملت چوک گلستان کالونی میں بعض دکانداروں نے کاؤنٹرز، بینچ، سٹالز، تندور، گیس سلنڈرز اور دیگر کاروباری سامان رکھ کر سڑکوں اور عوامی راستوں کو بند کر رکھا تھا۔