ٹیکس چوری کیخلاف کارروائی: کپڑا خریداری کا مرکز سیل ، پاور لوم فیکٹری پر چھاپہ

ٹیکس چوری کیخلاف کارروائی: کپڑا خریداری کا مرکز سیل ، پاور لوم فیکٹری پر چھاپہ

سو ساں روڈ پر کپڑا خریداری کا معروف مرکز سیل کیا گیا ،شہر کے مختلف کاروباری مراکز، ریٹیلرز پوائنٹس، ڈیپارٹمنٹل سٹورز، بیکریوں اور فوڈ مراکز کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے :ذرائع ایف بی آ ر

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)ٹیکس چوری کی شکایات کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے فیصل آباد میں مختلف کاروباری مراکز پر کارروائیاں کی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران کپڑا خریداری کا معروف مرکز سیل کر دیا گیا جبکہ پاور لوم فیکٹری پر چھاپہ مار کر مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری پکڑی گئی۔ذرائع ایف بی آر کے مطابق شہر کے مختلف کاروباری مراکز، ریٹیلرز پوائنٹس، ڈیپارٹمنٹل سٹورز، بیکریوں اور فوڈ مراکز کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو نمرہ اعجاز کی سربراہی میں ٹیموں نے چھاپے مارے ، جن میں سوساں روڈ پر واقع کپڑے اور تزئین و آرائش کے ایک مشہور خریداری مرکز کو ٹیکس چوری کی شکایات پر سیل کر دیا گیا۔ ایف بی آر کی طرف سے نصب پوائنٹ آف سیل (POS) سسٹم میں خرید و فروخت کی درست انٹری نہیں کی جا رہی تھی۔

اسی طرح مرضی پورہ غلام محمد آباد میں ایک ویونگ فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا جہاں مال کی فروخت کی رسید اصل انوائس سے کم ظاہر کی جا رہی تھی، جس پر ایف بی آر ٹیم نے چیکنگ کی اور رپورٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو ارسال کر دی۔علاوہ ازیں، معروف برانڈز کی بیکریوں کے پوائنٹ آف سیل سسٹم کی خلاف ورزی اور ٹیکس چوری کی مبینہ شکایات پر جاری 10 روزہ مانیٹرنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان بیکریوں، سیل شدہ خریداری مراکز اور کارروائی کی زد میں آنے والی پاور لومز کو ٹیکس ریکوری کے ساتھ بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں