ناجائز منافع خوری برداشت نہیں کی جائے گی :عمر عباس
18,559 انسپکشنز ،، 24 دکانیں سیل ،ڈی سی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع ٹو بہ ٹیک سنگھ میں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیر نگرانی مہنگائی کنٹرول کے سخت اقدامات جاری ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں، بازاروں اور اشیائے خوردونوش کی دکانوں کی چیکنگ کر رہے ہیں۔ یکم رمضان سے اب تک 18,559 انسپکشنز کی گئیں، 7 لاکھ 69 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 24 دکانیں سیل کی گئیں اور 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر صدف ارشاد کی زیر نگرانی پیرا فورس نے 447 انسپکشنز کے نتیجے میں 4 لاکھ 41 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا اور 8 ایف آئی آر درج کیں جبکہ 3 دکانیں سیل کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا جہاں ایمرجنسی، وارڈز اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال بھی ہمراہ تھے ۔ مریضوں اور لواحقین سے ملاقات کے بعد ہدایت دی گئی کہ صفائی، عملے کی حاضری اور ادویات کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔