اورنج لائن ٹرام منصوبہ، 80 ارب روپے کا پی سی ون منظور

 اورنج لائن ٹرام منصوبہ، 80 ارب روپے کا پی سی ون منظور

فیصل ٹاؤن جڑانوالہ روڈ سے طاہرپورہ جھنگ روڈ تک ٹرام چلانے کی تیاری

فیصل آباد (سٹی رپورٹر، خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد کے لیے شعبہ ٹرانسپورٹ میں بڑے منصوبے کی منظوری دے دی۔ فیصل ٹاؤن جڑانوالہ روڈ سے طاہرپورہ جھنگ روڈ تک 21.3 کلومیٹر طویل اورنج لائن پر 27 میٹرو بسیں اور 2 ٹرام جلد چلانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے ، جبکہ وزیراعلیٰ عید کے فوری بعد منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ کریں گی۔ممبر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی و سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید نے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 80 ارب روپے کی لاگت سے میگا پراجیکٹ کا پی سی ون منظور ہو چکا ہے اور اورنج لائن پر 21 سٹیشنز،2ڈپو اور چھ یوٹرنز تعمیر کیے جائیں گے۔

زاہد سعید نے واسا، فیسکو، سوئی گیس، پی ایچ اے ، میونسپل کارپوریشن، ٹریفک پولیس اور پی ٹی سی ایل کو ہدایت کی کہ سروے مکمل کرکے الائنمنٹ کے مطابق یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کے لیے 10 روز میں ڈیمانڈ نوٹسز فراہم کریں۔ انہوں نے ٹریفک کی بلاتعطل روانی کے لیے متبادل راستوں کا پلان بنانے اور تعمیراتی مقامات پر سخت حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے ہیلتھ اینڈ سیفٹی آفیسر تعینات کیا جا چکا ہے اور کھدائی کے عمل کو محفوظ بنانا ترجیح ہو گی۔ حکام کے مطابق اورنج لائن میٹرو/ٹرام سروس سے روزانہ ہزاروں شہری مستفید ہوں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں