حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

 حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد مساجد، امام بارگاہوں، تعلیمی اداروں، سرکاری و نجی دفاتر اور ہسپتالوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بھکر میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ کے پیش نظر ضلع فیصل آباد میں حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کے لیے جامع پلاننگ کی گئی۔اجلاس میں پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، کالجز، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حساس تنصیبات اور عوامی مقامات کی سکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

مساجد، امام بارگاہوں، تعلیمی اداروں، سرکاری و نجی دفاتر اور ہسپتالوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی۔ جمعۃ المبارک کے اجتماعات کے دوران پولیس اور رضاکاروں کی تعیناتی، سکیورٹی پلان کو مزید مؤثر بنانے اور پارکنگ ایریاز کی بہتر مانیٹرنگ پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز شروع کر دئیے گئے ہیں جبکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کے لیے موک ایکسرسائز کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں